وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی(hanif abbasi) نے جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر تعینات نابینا قلی اکبر علی جمالی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔
جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر یہ پاکستان کے واحد قلی ہیں جو نابینا ہونے کے باوجود بھی اپنی بیٹی کے سہارے جس کی عمر محض 6 یا 7 سال ہے اسٹیشن پر قلی گری کر کے حلال اور محنت کی کمائی سے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ pic.twitter.com/XhX8yzirvF
— Aamir Saeed Abbasi (@AmirSaeedAbbasi) June 2, 2024
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اکبر علی جمالی کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کے بیٹے کو پاکستان ریلوے میں ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وفاقی وزیر نے نابینا قلی کی آنکھوں کے ممکنہ علاج کے لیے اپنی جیب سے مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست اپنے محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
پاکستان ریلوے کی آمدن 30 سالہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب، وزیر ریلوے حنیف عباسی کا دعویٰ
انہوں نے اکبر علی جمالی کو وزارت ریلوے میں ملاقات کے لیے بھی مدعو کیا ہے جہاں وہ خود ان کی مالی امداد اور بیٹے کی ملازمت کے حوالے سے امور کی نگرانی کریں گے۔
یاد رہے اکبر علی جمالی گزشتہ کئی برسوں سے اپنی کمسن بیٹی کے سہارے مسافروں کا سامان اٹھا کر روزی روٹی کما رہے تھے جس کی ویڈیو نے عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی تھی۔
