لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان انتخابی مہم کے آخری پانچ دن لاہور میں چودہ جلسے کریں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے دوسرے اضلاع کے حلقوں کے امیدواروں کی ناراضی کا حل ڈھونڈ لیا ہے اور عمران خان جن حلقوں میں خود جا کر جلسہ نہیں کر سکیں گے وہاں ہولوگرام ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے لاہورفتح کرنے کے لیے شیڈول تبدیل کر کے صوبائی دارالحکومت میں جلسوں کا منصوبہ بنا لیا ہے اور انتخابی مہم میں آخری پانچ دن لاہور میں عمران خان کے چودہ جلسے ہو ں گے۔
ذرائع کے مطابق جن حلقوں میں کپتان خود جا کر جلسہ نہیں کر سکیں گے وہاں ہولوگرام ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی قیادت نے عمران خان کے اپنے حلقوں میں جلسوں کو ضروری قرار دے دیا ہے ۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق لاہور ڈیرے ڈالنے کے دوران وقت ملنے کی صورت میں عمران خان قریبی اضلاع اوکاڑہ، ساہیوال اور قصور کا ہنگامی دورہ کر سکتے ہیں۔