انتخابات خوف کی فضا میں ہو رہے ہیں، بلاول بھٹو


کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات ضرور ہوں گے، ہمیں بتایا گیا تھا کہ دہشتگردی کی کمر توڑ دی گئی ہے مگر ایسا نہیں ہوا اور اب انتخابات خوف کی فضا میں ہو رہے ہیں، موجودہ صورتحال میں سیکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے شہید رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی کی تعزیت کے لیے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھے دہشت گردی کم ہو گئی ہے مگر حالیہ واقعات پر تشویش ہے، عوام 25 جولائی کو ووٹ کی طاقت سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن میں اپنے تحفظات ظاہر کرچکے ہیں، انتخابات کے لیےسیکیورٹی کے بہتر اور موثر اقدامات ہونے چاہیئں، اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے قومی سانحات ہوئے ہیں، کسی دوسرے ملک میں ایسا نہیں ہوا لیکن اب  امید ہے  کہ پاکستان مزید سانحات نہیں دیکھے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت سمیت سب کو شکایت ہے کہ انتخابی مہم چلانے کے لیے ماحول سازگار نہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لشکری رئیسانی کے مطالبے کا علم نہیں لیکن ہمارے منشور میں ٹروتھ کمیشن کا قیام بھی شامل ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سراوان ہاؤس آمد کے بعد  شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کے بھائیوں سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے شہید سراج رئیسانی کے صاحبزادے نوابزادہ جمال رئیسانی کو دلاسہ بھی دیا، اس موقع  پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ  بابر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں