ڈی آئی خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر حملے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آر پی او سید اشفاق انور نے کہا کہ ہم نے اپنے جوانوں کے خون کا بدلہ فوری طور پر لے لیا ہے۔ دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ آج صبح ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر بم حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر حملہ کیا گیا۔
شہید ہونے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں ، حملے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔
لکی مروت میں پولیس وین پر خود کش حملہ، ایک اہلکار شہید، چھ زخمی
پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے تھے۔
