پاپوا نیو گنی کے وکٹ کیپر بلے باز کلپلنگ ڈوریگا کو ایک خاتون پر حملہ کرکے اس کا موبائل فون چھیننے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
30 سالہ ڈوریگا جرسی میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ چیلنج لیگ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وہ ڈنمارک اور کویت کے خلاف میچز کھیل چکے تھے، جبکہ مزید مقابلے بھی شیڈول تھے۔
یہ واقعہ 25 اگست کو رات تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا جب ڈوریگا اپنے ہوٹل واپس جا رہے تھے۔ ہیلری اسٹریٹ، سینٹ ہیلئیر میں انہوں نے ایک خاتون کو دیکھا اور اچانک اس پر حملہ کر کے اسے زمین پر گرا دیا، جس کے بعد وہ اس کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے پاس خاتون کے زخموں کی تفصیلات موجود نہیں، تاہم ڈوریگا کو اسی دن گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اگلے روز ان پر باضابطہ طور پر ڈکیتی کا مقدمہ دائر کیا گیا اور 27 اگست کو جرسی مجسٹریٹس کورٹ میں انہوں نے جرم کا اعتراف کر لیا۔
گیند لگنے سے آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی موت کو 11 سال مکمل
بعد ازاں 28 نومبر کو رائل کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے ڈوریگا کو تین سال قید کی سزا سنائی، جس سے ان کے کرکٹ کیریئر کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

