اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کی حمایت کی۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سے 12 دن انتہائی مصروف اور کامیاب رہے۔ اس دوران ماسکو، بحرین اور برسلز کے اہم دورے کیے۔ مختلف اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور سفارتی محاذ پر کئی کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ روسی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، غزہ کی صورتحال اور خطے کے اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔
اسحاق ڈار کے مطابق تین ممالک کی موجودگی میں ریل کنیکٹیویٹی کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔ جو خطے میں رابطوں کے فروغ کا اہم قدم ہے۔
افغانستان کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کی حمایت کی ہے۔ تاہم افغانستان کی جانب سے انسداد دہشت گردی سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے واضح طور پر کہا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ کیونکہ دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں۔ اور کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
نائب وزیراعظم کے مطابق یورپی یونین کے صدر اور اعلیٰ حکام سے برسلز میں ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔ کئی برسوں سے معطل اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی بحالی پر پیشرفت ہوئی۔ جبکہ غلط فہمیوں کے ازالے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو ہیڈکوارٹرز میں سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، جی ایس پی پلس اور باہمی تعاون جیسے امور زیر بحث آئے۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان اور نیٹو کے درمیان سیاسی روابط کو مضبوط بنانا تھا۔ جس پر دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کودہائیوں سے جنگوں نے تباہ کیا، مزید لڑائی کی گنجائش نہیں بچی، اسد قیصر
اسحاق ڈار نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان نے بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔

