کافی یا چائے؟ صحت کے لیے کون بہتر ہے، اس سوال پر ہمیشہ بحث ہوتی رہی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق دونوں مشروبات کے اپنے فوائد بھی ہیں اور کچھ احتیاطیں بھی، اس لیے فیصلہ آپ کی صحت، عادت اور روزمرہ کی ضرورتوں پر منحصر ہے۔ آئیے تفصیل سے جانتے ہیں۔
کافی
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ محدود مقدار میں کافی پینے سے جسم میں توانائی بڑھتی ہے، ذہنی چستی آتی ہے اور ورزش کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ کافی میں کیفیین ہوتی ہے جو دماغ کو متحرک کرتی ہے اور موڈ کو بہتر بناتی ہے۔
کچھ تحقیقات کے مطابق روزانہ دو سے تین کپ کافی پینا دل کی صحت، جگر کے افعال اور میٹابولزم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم زیادہ مقدار میں کافی پینے سے دل کی دھڑکن تیز ہونے، بے چینی، معدے کی تیزابیت اور نیند کی کمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ حاملہ خواتین یا وہ لوگ جنہیں بلڈ پریشر کا مسئلہ ہو، انہیں کافی احتیاط سے پینی چاہیے۔
چائے
چائے خصوصاً سبز چائے میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم میں موجود مضر مادوں کو کم کرتی ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے۔ چائے ذہنی سکون، ہاضمے کی بہتری اور دل کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔
سیاہ چائے میں بھی کیفیین ہوتی ہے لیکن کافی کے مقابلے میں اس کی مقدار کم ہوتی ہے، اسی لیے بہت سے لوگ چائے کو زیادہ محفوظ اور ہلکا مشروب سمجھتے ہیں۔ البتہ چائے کا زیادہ استعمال بھی آئرن کی کمی، دانتوں پر داغ اور نیند کی خرابی جیسے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔
بھارتی شائقین نے ’چائے‘ کو جنوبی افریقا کیخلاف شکست کی وجہ قرار دے دیا
نتیجہ
صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو توانائی، چستی اور تیز میٹابولزم کی ضرورت ہے تو کافی بہتر انتخاب ہوسکتی ہے، جبکہ اگر آپ ذہنی سکون، ہاضمے کی بہتری اور اینٹی آکسیڈنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں تو چائے زیادہ فائدہ پہنچا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بہترین طریقہ یہ ہے کہ دونوں مشروبات کو اعتدال میں رکھا جائے۔ روزانہ ایک سے دو کپ کافی یا دو سے تین کپ چائے عام طور پر محفوظ سمجھی جاتی ہے۔ مختصراً فیصلہ آپ کے جسم کی ضرورت، صحت کی صورتحال اور ذاتی پسند پر منحصر ہے۔

