جرمنی نے پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولتے ہوئے ’چانسن کارٹے‘ نامی اوپرچونیٹی کارڈ (Chancenkarte Opportunity Card) کا اجراء کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت پاکستانی شہری بغیر کسی پیشگی ملازمت کے ایک سال تک جرمنی میں رہ کر روزگار تلاش کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ امیدوار جرمنی میں قیام کے دوران ہفتے میں 20 گھنٹے تک پارٹ ٹائم کام بھی کر سکیں گے، جبکہ منتخب افراد کو 2 ہفتے کے جاب ٹرائل کا موقع بھی دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی مہارتیں براہ راست آجر کے سامنے پیش کر سکیں۔
اوپرچونیٹی کارڈ کیلئے 6 پوائنٹس حاصل کرنا ضروری ہیں، جو زبان کی مہارت، تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے، تکنیکی صلاحیت، عمر اور جرمنی میں سابقہ قیام جیسے عوامل پر مبنی ہیں۔
درخواست دہندگان کو کم از کم 1091 یورو ماہانہ فنڈز کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
امیدواروں کیلئے ضروری کاغذات میں زبان کے سرٹیفکیٹس، تعلیمی اسناد، ملازمت کا تجربہ، بینک اسٹیٹمنٹس اور شناختی دستاویزات شامل ہیں، جبکہ درخواستیں جرمنی کے فیڈرل فارن آفس کے ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔
درخواست منظور ہونے پر اوپرچونیٹی کارڈ جاری کیا جائے گا جس کے بعد امیدوار جرمنی جا کر رہائش، ہیلتھ انشورنس اور متعلقہ اندراج کے مراحل مکمل کرتے ہوئے روزگار کی تلاش شروع کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق جرمن زبان جاننے والے امیدواروں کیلئے مواقع زیادہ روشن ہوں گے، جبکہ مزید رہنمائی کیلئے جرمنی کا سفارت خانہ یا قونصلیٹ معاونت فراہم کر سکتا ہے۔
