راولپنڈی میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔
پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جہاں بیٹنگ لائن نے شاندار اشتراک کے ساتھ کامیابی یقینی بنائی۔
فخرزمان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ عثمان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
صائم ایوب نے 22 جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 16 رنز کا اضافہ کیا، آل راؤنڈر محمد نواز نے بھی 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔
دیگر بلے بازوں میں سلمان علی آغا نے ایک رن بنایا جبکہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ زمبابوے کی جانب سے برائن بینیٹ نے شاندار 49 رنز اسکور کیے۔
سکندر رضا نے 34 اور تادیوا نیشے مارومانی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ برینڈن ٹیلر نے 14، ریال برل نے 8، مونیونگا نے 3، جب کہ تاشینگا اور ایونز نے 2، 2 رنز بنائے۔
باولنگ کے شعبے میں پاکستان کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی، محمد نواز نے دو اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا، صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پاکستانی باولرز کے کنٹرول اور منصوبہ بندی نے زمبابوے کو بڑے اسکور سے روکے رکھا، جس کا فائدہ بیٹنگ لائن نے اٹھایا۔ پاکستان کی یہ کامیابی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کرے گی اور سیریز کے آئندہ میچوں کے لیے اہم ثابت ہوگی۔

