لاہور، ضلعی انتظامیہ نے اسموگ میں اضافہ کرنے والی انڈسٹریز کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر نواز کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر ماحولیات (ای پی اے)، ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کمیٹی کے ممبران مقرر کیے گئے ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور میں صنعتی یونٹس کا تفصیلی معائنہ کرنے کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ کمیٹی ان انڈسٹریز کا جائزہ لے گی جو بوائلرز اور فرنسز کے استعمال کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ کر رہی ہیں۔
لاہور،مریم نواز کوپ 30 میں شرکت کیلئے کل برازیل روانہ ہوں گی
ترجمان نے بتایا کہ بوائلرز اور فرنسز استعمال کرنے والے صنعتی یونٹس کو ترجیحی بنیادوں پر چیک کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں انڈسٹریز کے معائنے کی نگرانی کی ہدایت جاری کردی گئی ہے تاکہ ماحول دوست اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسموگ کے بڑھتے خطرے کے پیشِ نظر قانون کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ماحول کو نقصان پہنچانے والے یونٹس کی نشاندہی کے بعد فوری بندش یقینی بنائی جائے گی۔
