پشاور، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے مریضوں اور اُن کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے۔
انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی ادویات ہر وقت دستیاب رہنی چاہییں اور کسی بھی مریض کو علاج میں دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،
پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے بانی تحریک انصاف کی رہائی کیلئے رابطہ مہم شروع کر دی
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے صحت کارڈ پروگرام کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ کے تحت بلا تعطل علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کی مد میں فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اور کسی بھی سطح پر علاج میں ایک لمحے کی معطلی بھی ناقابلِ برداشت ہوگی۔
انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو تاکید کی کہ عوامی سہولت کے منصوبوں میں تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
