پشاور، خیبرپختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس 3 نومبر کو طلب کر لیا گیا، اجلاس دوپہر 12 بجے صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے کے مطابق اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ داخلہ، پولیس اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا سیکیورٹی امور پر بریفنگ دیں گے۔
پی اے اے کا اجلاس، ڈیرہ اسماعیل خان، میرپور میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹس کی تجاویز
اسپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی نے اجلاس میں شرکت کے لیے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھی مدعو کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسپیکر کی دعوت قبول کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی انہوں نے کہا کہ اسپیکرکسی بھی صوبائی معاملے پر بلائیں گے تو بھرپور تعاون کروں گا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان سمیت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسمبلی اور حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ اجلاس صوبے میں حالیہ سیکیورٹی واقعات اور انسدادِ دہشت گردی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
