پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کی جانب سے ملک میں نئے ہوائی اڈوں کے قیام اور موجودہ ایئرپورٹس کی توسیع و ترقی سے متعلق ایک اہم اسٹیک ہولڈرزاجلاس کراچی میں پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں منعقد ہوا۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں پی آئی اے، ایئر سیال، ایئر بلیو، سرین ایئراورفلائی دبئی کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ محکموں اورماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان اورمیرپور (آزاد جموں و کشمیر) میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹس کے قیام کی تجاویز زیرِ غور آئیں، جبکہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پنجاب میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کا سخت ترین نفاذ ،نفرت انگیز مواد کی نگرانی کیلئے اسپیشل یونٹس فعال
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے کنسلٹنٹس نے فزیبلٹی اسٹڈیز، مسافروں کی نقل و حرکت اورفضائی ٹریفک کے ممکنہ رجحانات پر تجزیاتی رپورٹس پیش کیں۔
ایئرلائنز کے نمائندوں نے چھوٹے ہوائی اڈوں کے قیام سے بڑے شہروں کے ایئرپورٹس پر دباؤ میں کمی اورعلاقائی فضائی رابطوں میں بہتری کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہارکیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے نہ صرف ملک کے مختلف حصوں کو جوڑیں گے بلکہ معیشت اورسیاحت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا کہ فزیبلٹی کی بنیاد پرمتوازن اور قابلِ عمل منصوبہ بندی کی جائے گی جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرزاورماہرین سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق ہوابازی کے شعبے کی پائیدار ترقی اورملکی ضروریات کے مطابق جدید فضائی ڈھانچہ تیار کرنا اتھارٹی کی ترجیح ہے۔
