انگلینڈ کے تجربہ کار آل راؤنڈر کرس ووکس (Chris Woakes )نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 36 سالہ ووکس نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اب بین الاقوامی سطح پر مزید کرکٹ نہیں کھیلیں گے، تاہم کاؤنٹی اور فرنچائز کرکٹ میں ایکشن میں نظر آتے رہیں گے۔
ٹروپیکل سائیکلون کا پہلا وارننگ الرٹ جاری
کرس ووکس نے 2011 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا اور 15 سال پر محیط اپنے کیریئر میں 62 ٹیسٹ، 122 ون ڈے اور 33 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں، اوول میں بھارت کے خلاف، زخمی حالت میں بھی بیٹنگ کی اور اپنے جذبے سے شائقین کے دل جیت لیے۔
اپنے بیان میں ووکس نے کہا، “بچپن میں جس خواب کو دیکھا، وہ پورا ہوا۔ انگلینڈ کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے اور ان لمحوں کو کبھی نہیں بھولوں گا۔” انہوں نے اپنے خاندان، کوچز، ٹیم میٹس اور شائقین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
قلات میں زلزلے کے جھٹکے،شدت2.8 ریکارڈ
ووکس دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والے انگلش اسکواڈ کا حصہ رہے۔ انگلینڈ نے 2019 میں ون ڈے ورلڈ کپ اور 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا۔ 2019 کے ورلڈ کپ میں ان کی شاندار باؤلنگ، خصوصاً سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 3 وکٹیں، یادگار رہیں۔
2023 کی ایشیز سیریز میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا، جہاں انہوں نے پلئیر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ بین الاقوامی سطح پر مجموعی طور پر 396 وکٹیں لے کر انگلینڈ کے کامیاب ترین باؤلرز میں شامل ہوئے۔
ای سی بی کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے ووکس کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں “خالص ٹیم پلیئر اور شاندار شخصیت” قرار دیا۔
