پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے، 13 اگست سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے جس کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کیا گیا ہے، محکمہ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل کیلئے تیار رہیں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ عوام کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور مویشیوں کے انخلا کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے ندی نالوں، نہرو ں اور دریاؤں میں نہانے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
