صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی کارکردگی کے باقی صوبے بھی معترف ہیں اور پنجاب میں پارٹی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت پارٹی اجلاس کے دوران کہی، جس میں تمام ڈویژنل کوآرڈی نیٹر زاور تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں تنظیمی عہدیداروں سے ضمنی انتخابات اور متوقع بلدیاتی انتخابات پررائے لی گئی۔ تنظیمی عہدیداروں نے وفاق اور پنجاب کی حکومتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے تمام اقدامات اور فلاحی پروگرام عام آدمی سے متعلق ہیں۔ مریم نواز کی کارکردگی کی بدولت پنجاب میں پارٹی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔
پی ٹی آئی سمیت دوسری جماعتیں جب چاہیں ہم بات کرنے کو تیار ہیں، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بھی اللہ تعالی نے بہت مدد فرمائی ہے،وزیراعظم ملکی وقار بحال کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی کامیابیوں سے ہمکنار ہو رہی ہے،پاکستان نے بھارت کیخلاف اللہ کی مدد سے بڑی فتح حاصل کی ، پاکستان کی تاریخی فتح کی پوری دنیا میں گونج ہے۔
صدر ن لیگ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ن لیگ ایک مرتبہ پھر پاکستان کو بحرانوں سے نکال رہی ہے۔
