رحیم یار خان: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے میں ملوث ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے کلین سویپ کرے گی۔ اور بلاول بھٹو ملک کے آگلے نوجوان وزیر اعظم ہوں گے۔ گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنوں کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی خاطر 14 سال جیل کاٹی۔ وہ مفاہمت کے بادشاہ ہیں۔ اگر کسی پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو کوئی پریشانی ہوئی تو میں ایک فون کال پر ہوں۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ہم نے بھارت کو شکست دے کر دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے مل کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاٹھی اور ڈنڈوں والا احتجاج کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، گورنر خیبر پختونخوا
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو ساتھ لے کر امن کا پیغام دینے کی ضرورت ہے۔ اور بلوچستان مسئلہ حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے میں ملوث ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کچے میں سڑکوں سمیت ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے۔ اور کچے کے ڈاکوؤں کے خاتمہ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ محسن نقوی کے ویژن سے پیپلز پارٹی متفق ہے۔
