کراچی: وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ میگا کرپشن کیس کے 9 مقدمات سے بری کر دیا۔
وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) میگا کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے میگا کرپشن کیس کے 9 مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بری کرنے کا حکم دیا۔
چیئرمین سینیٹ و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی دیگر شریک ملزمان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹڈاپ کیس میں مجموعی طور پر 26 مقدمات درج کیے تھے۔ جن میں سے 3 مقدمات میں یوسف رضا گیلانی پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کا فواد چودھری پر ہرجانے کا دعویٰ
کیس کی سماعت کے بعد یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف بنائے گئے میگا کرپشن مقدمات بے بنیاد ہیں۔ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔ گزشتہ 12 برس سے مقدمات چل رہے تھے۔
صدر مملکت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی تبدیلی یا ان کی صحت سے متعلق صرف افواہیں زیر گردش ہیں۔
واضح رہے کہ ٹڈاپ کرپشن کیس کی تحقیقات کا آغاز 2009 میں ہوا تھا۔ جبکہ ایف آئی اے نے مقدمات 2013 میں درج کرنا شروع کیے تھے۔ یوسف رضا گیلانی کو 2015 میں ان مقدمات کے حتمی چالان میں بطور ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
ملزمان کے خلاف بوگس کمپنیاں بنا کر فریٹ سبسڈی کی مد میں 7 ارب روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔
