آئی سی سی نے جون 2025 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر سری لنکا کے پاتھم نسانکا جب کہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور کگیسو ربادا کو شارٹ لسٹ کھلاڑیوں کیا گیا ہے۔
ایڈن مارکرم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف جنوبی افریقہ کی تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ جنوبی افریقہ کا گزشتہ 27 سال میں پہلا آئی سی سی ٹائٹل ہے۔
انہوں نے نہ صرف بلے بازی میں بلکہ گیند بازی میں بھی اہم کردار نبھایا۔ انہوں نے اپنے آف اسپن سے اسٹیو اسمتھ کی قیمتی وکٹ حاصل کی اور بعد میں جوش ہیزل ووڈ کو بھی آؤٹ کیا۔
مارکرم کی دوسری اننگز میں 136 رنز کی شاندار اننگز نے میچ کا رخ بدل دیا، جب جنوبی افریقہ نے 282 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5 وکٹوں سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔
آئی سی سی پر بھارتی اجارہ داری، سنجوگ گپتا نئے چیف ایگزیکٹو مقرر
کگیسو ربادا نے اسی فائنل میچ میں اپنی رفتار اور تجربے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مشکل وکٹ پر انہوں نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر میچ میں 9 شکار کیے۔
اس کارکردگی کے ساتھ وہ جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ تاریخ کے چوتھے کامیاب ترین بولر بن گئے ہیں جن کی اب تک 336 وکٹیں ہو چکی ہیں۔
پاتھم نسانکا نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل کا شاندار آغاز کیا۔
گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بنگلادیش کے 495 رنز کے جواب میں نسانکا نے 187 رنز کی کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 24 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا اور سری لنکا کو میچ بچانے میں مدد دی۔
دوسرے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے اپنی فارم برقرار رکھی اور 158 رنز کی ایک اور شاندار سنچری اسکور کی جس میں 19 چوکے شامل تھے۔
