اسلام آباد: وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا طرز عمل بھی سیاسی ہونا چاہیے۔
وزیر مملکت طلال چودھری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف نے بار بار سیاسی غلطیاں کیں۔ اور پی ٹی آئی نے پہلے استعفے دیئے پھر اسمبلیاں توڑیں۔ پی ٹی آئی اب نالائقی کی وجہ سے مخصوص نشستوں سے محرم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص سیٹیں دوسری جماعتوں کو پی ٹی آئی کی اپنی غلطی کی وجہ سے ملیں۔ اور پی ٹی آئی کو غیر سیاسی سوچ کی وجہ سے ان حالات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری حکومت گر گئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، علی امین گنڈاپور
طلال چودھری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور پہلے بھی اسلام آباد پر چڑھائی کی کئی کوشش کر چکے۔ اور ہر بار ریاست نے آئین و قانون کے تحت ان کا راستہ روکا۔ جبکہ آئندہ بھی کسی نے ریاست پر حملہ آور ہونے کی جرات کی تو جواب سخت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جن کی حکومت دہشت گردوں سے ڈرتی ہو وہ صرف بھڑکیں مار سکتے ہیں۔ اور اگر خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی تیسری بار حکومت نہ بنتی تو دہشت گردی نہ ہوتی۔ سیاسی اختلاف کا سب کو حق ہے لیکن ریاستی اداروں پر حملہ قبول نہیں۔ جو سیاست نفرت اور انتشار سے شروع ہو اس کا انجام ہمیشہ پچھتاوا ہوتا ہے۔