پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کو لائیو اسٹریمنگ کے دوران تین ارب چالیس کروڑ مرتبہ دیکھا گیا جب کہ سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ فائنل رہا۔
پاکستان سپر لیگ انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز کا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرصدارت لاہور میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ایس ایل کی دس سالہ گروتھ کا ڈیٹا پیش کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل ایکس کو لائیو اسٹریمنگ کے دوران تین ارب چالیس کروڑ مرتبہ دیکھا گیا، پی ایس ایل نائن میں لائیو اسٹریمنگ ویوز پینتالیس کروڑ پچاس لاکھ تھے۔
دسویں ایڈیشن کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ فائنل رہا، جبکہ سب سے زیادہ لاہور قلندرز کی میچ ویورشپ ایک ارب چالیس کروڑ رہی۔
پی ایس ایل 10 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، شاہین کپتان مقرر
شہری علاقوں میں لائیو اسٹریمنگ تریپن فیصد اور دیہی علاقوں میں سینتالیس فیصد رہی،لائیو اسٹریمنگ میں مردوں کا تناسب سڑسٹھ فیصد اور خواتین کا تناسب تینتیس فیصد رہا، پچھلے سیزن کے برعکس براڈ کاسٹ ویورشپ کئی گنا بڑھی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل امید اور یکجہتی کی علامت ہے، پی ایس ایل کو مزید مضبوط اور عالمی سطح پر فعال بنائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی ایس ایل کے گیارہویں سیزن کیلئے گورننگ کونسل کی میٹنگ جلد بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اس ہفتے ٹیموں کی ایویلیوایشن کے لیے ٹینڈر جاری ہو گا۔