محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آج بادل مزید برسیں گے، کراچی میں آئندہ دو روز موسلادھار بارش کی پیشگوئی بھی کر دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق آج سندھ، پنجاب، بلوچستان کے بعض علاقوں، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
پنجاب میں بارش اور آندھی کے باعث حادثات کی رپورٹ سامنے آ گئی
شدید بارشوں کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ دو روز تک موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے، شہر قائد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا ہے۔ کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، نیوکراچی میں بارش کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہے جہاں نالے بھی ابل پڑے ہیں۔