اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سابق وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت سمیت کئی اہم مقدمات کی سماعت ہو گی۔
فروری میں جڑانوالہ میں کی گئی عدلیہ مخالف تقریر پر طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کا کیس چل رہا ہے، مارچ میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی اور اب یہ کیس آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ کی جاری کردی کاز لسٹ کے مطابق آج کے دیگر اہم مقدمات میں عطا الحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن تقرری، میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور گن اینڈ کنٹری کلب اراضی میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس شامل ہیں۔
سپریم کورٹ میں عطا الحق قاسمی کی تقرری کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، ان پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے دو سال میں تفریح کی مد میں 24 لاکھ روپے خرچ کیے جبکہ انہوں نے پی ٹی وی کے بجٹ سے اسلام آباد کلب کی ممبر شپ حاصل کی جس پر 15 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
سپریم کورٹ میں آج تھائی لینڈ اور سری لنکا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہو گی، اسی طرح پی ٹی سی ایل کے سیکیورٹی گارڈز کو کم تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہو گی۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔