خان گڑھ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ بھوک، غربت، بے روزگاری، دہشت گردی اور آپ کے مسائل سے ہے. انہوں نے کہا کہ ہم انہیں حل کرنے آئے ہیں ۔
خان گڑھ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تک کسی نے معاشی اصلاحات کی بات نہیں کی لیکن بھٹو نے زرعی اصلاحات کرکے غریب کسانوں میں زمین تقسیم کی۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو نے معاشی انصاف دیا اور اصلاحات کیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کسی نے آج تک ایسا کیا ؟ تو جواب نہیں میں ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی پی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور اب بھی ہم ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں معاشی انصاف ہو اور کسی کا استحصال نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، عوامی مسائل حل کیے اور جمہوریت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں لیکن سر نہیں جھکایا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی دی گئی اور آصف علی زرداری کو گیارہ سال جیل میں رکھا گیا کیونکہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کو بچانے کی جدوجہد کی اور کررہے ہیں۔