سوات، 27 مئی 2025 خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس اور یونیورسٹی آف سوات کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔
جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کے فروغ اوراے پی ایس خضدار بس حملے کی شدید مذمت تھا، تقریب میں طلباء، اساتذہ، محققین اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپورشرکت کی۔
پنجاب حکومت کا یوم تکبیر پر اسکول کھلے رکھنے کا اعلان
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ تعلیم، مکالمہ اور رواداری کے فروغ کے بغیر پرامن معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا، تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل میں شعوربیدارکریں، انتہاپسندی کا علمی وفکری سطح پر مقابلہ کریں اورقومی وحدت کو مضبوط بنائیں۔
سیمینار کے اختتام پر ایک پرامن واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے شہداء اے پی ایس خضدار سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی اور اس کے سرپرستوں کے خلاف شدید مذمت کی۔
واک میں “فتنتہ الخوارج” اور “فتنۂ ہندوستان” کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ریاست سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پاکستان دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے۔
شرکاء نے قیامِ امن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قومی اتحاد، بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔
