پنجاب میں تین ماہ میں 61 ارب روپے کے قرض جاری کئے گئے جس سے صوبے میں نئے کاروبار شروع کرنے کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت آسان کاروبار فنانس اور کارڈ سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں مریم نواز نے ایکسپورٹ اور مینو فیکچرنگ سیکٹر لون کے لیے پلان طلب کر لیا۔
اجلاس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعلی پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ آسان کاروبار فنانس اورکارڈ پروگرام کسی صورت نہیں رکنا چاہیے۔
ایم ڈی پی ایس آئی سی نے آسان کاروبار اسکیم پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 90روز میں 57913نئے کاروبار شروع ہونے کا ریکارڈ قائم ہوا ہے، 3ماہ میں ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے قرض جاری کئے گئے۔
شاہ محمود قریشی کو دل کی تکلیف، پی آئی سی منتقل کر دیا گیا
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار شروع کرنے کیلئے 23 ارب 91 کروڑ روپے کے قرض جاری کیے گئے، 6 ہزار 753 خواتین نے کاروبار کیلئے 3 ارب 42 کروڑ روپے کا قرض لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قرض کے لئے زیر غور درخواستوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ آسان کاروبار کارڈ واٹس ایپ کے ذریعے بھی ایکٹیو کیا جا سکے گا۔
بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ آسان کاروبار فنانس ا سکیم کے تحت 3010 افراد کو 18 ارب روپے قرض جاری کئے گئے، آسان کاروبار کارڈ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 4 ہزار افراد کو 43 ارب روپے کے قرض جاری کئے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آسان کاروبارفنانس کیلئے 74579 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 2505 منظور کی گئیں۔ ٹرانسپورٹیشن کاروبار کیلئے 1312 افراد نے3 ارب 91 کروڑ روپے کا قرض لیا، ٹریڈنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کیلئے 175 افراد نے 3 ارب 94 کروڑ روپے کا قرض لیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سروسزمہیا کرنے والے 61996 افراد نے 26 ارب 13 کروڑ روپے کا قرض لیا، ٹریڈنگ کیلئے 24522 افراد نے 10 ارب 75 کروڑ روپے کا قرض لیا جبکہ ایگری اسمال بزنس کیلئے10699 افراد نے 3 ارب 69 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا۔