نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ رافیل رکھنے سے کچھ نہیں ہوتا پائلٹ کو بھی بہادر ہونا چاہیے۔
ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس کو حکم یہ دیا گیا تھا کہ جو طیارے میزائل ماریں صرف انہیں گرایا جائے اس لیے پانچ جہاز گرائے ورنہ دس سے پندرہ بھارتی جہاز گرا سکتے تھے۔ جب پاکستان نے رافیل طیارے گرائے تو صبح چار بجے چین، ترکی سمیت کئی دوست ممالک کے سفیر دفتر خارجہ آئے۔ یقیناً چین خوش ہو گا مگر مشین کے ساتھ بہادر ماہر پائلٹ بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا، ہمیں اندازہ تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد یہ کچھ کریں گے، ہم تیار تھے۔
انہوں نے کہا کہ 6 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کیے گئے،ہم نے دنیا کو کہا تھا کہ ہم پہل نہیں کریں گے مگر حملہ ہوا تو بھرپورجوا ب دیں گے، بھارت نے پاکستان میں 6 مقامات پر 24 حملے کیے اور پھر ان کو بھرپور جواب دیا گیا۔
رافیل طیارے گرائے جانے پر بھارت غمزدہ، چینی فنکاروں کی مزاحیہ ویڈیو وائرل
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا تھا مگر اس کو منہ کی کھانا پڑی، خطےمیں اس وقت پاکستان کی بالادستی قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوان اچھی طرح جانتے ہیں کہ اپنے ملک کی عزت کس طرح کرانی ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔
ایک سوال کے جوا ب میں بولے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے،90ہزار جانیں، 150 ارب ڈالرز کے براہ راست، 450 ارب کے بالواسطہ نقصانات، پاکستان سے زیادہ دہشت گردی کا شکار کون سا ملک ہے۔ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے، جعفر ایکسپریس میں بھارت کے تانے بانے ملنے کے باوجود پاکستان نے بھارت کے خلاف ایکشن نہیں لیا۔