کوہاٹ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وعدہ کیا ہے کہ 25 جولائی کے بعد اگر اقتدار ملا تو سب سے پہلے کرپشن کنٹرول کروں گا اور عدلیہ سمیت تمام ادارے مکمل آزاد ہوں گے۔
کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 سال پہلے میں نے کہا کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے تو لوگ مجھ پر ہنستے تھے۔
پیپلزپارٹی اور ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں دونوں جماعتوں نے پاکستان کو تباہی میں دکھیلا جب یہ آئے تو ہر پاکستانی پر 35 ہزار قرضہ تھا آج ہر بچہ پر ایک لاکھ 60 ہزار روپے کا قرض ہے، میں ہوچھتا ہوں یہ پیسہ کدھر گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہ کرنا ہو تو سب سے پہلے ادارے تباہ کیے جاتے ہیں، اگر کرپشن کرنی ہو تو نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر پر اپنی پسند کے بندے بٹھائے جاتے ہیں تاکہ کوئی گرفتار نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں سب سے پہلے کرپشن کنٹرول کروں گا، نیب اور ایف آئی اے اور ایف بی آر کو سب سے زیادہ مضبوط کریں گے۔ پاکستانی وہ قوم ہے جو سب سے زیادہ خیرات اور سب سے کم ٹیکس دیتی ہے، میں ٹیکس اور کم کروں گا۔
انہوں نے کہا میں پاکستان میں قانون کی بالادستی لاؤں گا۔ جب آپ قانون کی بالادستی قائم کرتے ہیں تو اداروں کو مضبوط اور غیر سیاسی بنانا پڑتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد گورنرہاؤسز اور پرائم منسٹر ہاؤسز سب کے لیے کھلے ہوں گے۔ سادگی پہلے اپنے اوپر لائیں گے اور عوام کا پیسہ عوام پر لگائیں گے۔ ایک سال میں آٹھ ہزار ارب اکٹھا کرنا کوئی مشکل نہیں اور میں کر کے دکھاؤں گا اور اس کے بعد ہمیں قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کا پیرس دھلا تو نیچے سے لاہور نکل آیا۔ میں پاکستان کو سوٹزرلینڈ نہیں بناؤں گا اس کے ادارے وہاں جیسے بناؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کی بھرمار ہے اگر صحیح طریقے سے کھدائی کی جائے تو تیل بھی مل سکتا ہے۔ ہمارے ملک میں 12 موسم ہیں ہم ہر چیز اگا سکتے ہیں لیکن اتنے وسائل کے باوجود پاکستان کے 45 فیصد بچوں کو بیماری ہے جس میں ذہنی اور جسمانی نشونما ہی نہیں ہوتی۔
پی ٹی آئی چیئرمیں نے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان میں بے روزگاروں کی فوج ہے کیوں کہ انہیں ٹھیک تعلیم نہیں ملتی ہم ٹیکنیکل تعلیم عام کرکے بےروزگاری میں کمی لا سکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو امیدوار کو نہ دیکھیں بلکہ بلے کے نشان پر مہر لگائیں۔

