لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بھارت کو بےگناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت دیگر مقامات پر بھارتی ڈرون حملوں کی مذمت کی۔ اور مختلف مقامات پر بھارتی ڈرون بروقت گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نوازنے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کے بروقت رسپانس کو سراہا۔ جبکہ لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن خواب ہی رہے گا، بلاول بھٹو
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قوم پاک فوج کے افسران اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ بھارت کا غرور رافیل طیارے زمین پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت شہریوں کو نشانہ بنا کر روایتی بزدلی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ تاہم شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اور ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہو گا۔ بھارت نے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
مریم نواز نے کہا کہ قوم افواج کے ذریعے بھارتی غرور اور تکبر کو خاک میں ملاتی رہے گی۔ جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں، بری اور بحری فوج کے شیروں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔