دیرپا امن چاہتے ہیں لیکن جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے، وزیر داخلہ

Mohsin Naqvi

دوحہ: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں۔ لیکن جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دوحہ میں قطر کے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ جس میں پاک قطر تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت کی گئی۔

محسن نقوی نے قطری وزیر اعظم کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ اور قیام امن کے لیے پاکستان کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اقدامات سے خطے کے امن کو سنگین خطرہ ہے۔ اور پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پاکستان کے مؤقف کو مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو علم ہونا چاہیے کہ واقعہ کا ماسٹر مائنڈ اور اصل ملزمان کون ہیں۔ جبکہ بھارت نے اس پہلگام واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے پر وار کیا ہے۔ سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی لائف لائن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی قوم مشکل حالات سے خوفزدہ نہیں ہوتی، بلاول بھٹو

محسن نقوی نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں لیکن جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے۔

قطر کے وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں عدم کشیدگی کی پالیسی کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے سفارتی کوششوں سے کشیدگی کم ہو گی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں