پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔

ملتان سلطانز کی 9 میچوں میں یہ 8 ویں شکست ہے۔ پشاور زلمی نے 8 میچوں میں چوتھا میچ جیتا ہے اور اب اس کے 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں اس طرح اس نے پلے آف تک رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں پیر کی شب کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز سات تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔

عثمان خان ۔کامران غلام ۔کرٹس کیمفر۔افتخار احمد ۔ مائیکل بریسویل ۔کرس جارڈن اور اسامہ میر کی جگہ شائی ہوپ ۔ طیب طاہر۔ عامر برکی۔ ایشٹن ٹرنر۔شاہدعزیز۔ فیصل اکرم اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ 19 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پشاور زلمی نے 109 رنز کا ہدف 13 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ملتان سلطانز کی اننگز میں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس کی وجہ سے وہ ایک بڑے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

کپتان محمد رضوان 17 یاسر خان 10 ۔ طیب طاہر22 ایشٹن ٹرنر صفر عامر برکی 3 اور شاہد عزیز ایک رن پر آؤٹ ہوئے تو ملتان سلطانز کا اسکور 13 ویں اوور میں6 وکٹوں پر صرف 66 رنز تھا ۔

پی ایس ایل 10میں اچھا کھیل پیش کریں گے،کپتان ملتان سلطانز

شائی ہوپ23 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے لیکن یہ اننگز بھی ملتان سلطانز کے کام نہ آسکی۔

پشاور زلمی کے تمام چھ بولرز وکٹ لینے میں کامیاب رہے جن میں احمد دانیال 17 رنز کے عوض3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے ان کے تین کیچز اس کے علاوہ تھے۔ معاذ صداقت اور لیوک ووڈ نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پشاور زلمی نے ڈیوڈ ولی کے اننگز کے پہلے ہی اوور میں مچل اوون کی ایک رن پر وکٹ گنوائی ۔ اگلے ہی اوور میں محمد حسنین کو بھی وکٹ مل جاتی لیکن شائی ہوپ نے صائم ایوب کا 7 رنز پر کیچ ڈراپ کردیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ 49 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگئے جس میں4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

ان کی وکٹ نوجوان فاسٹ بولر شاہد عزیز نے حاصل کی جو اس سے پہلے بابراعظم کو صرف 8 رنز پر بولڈ کرچکے تھے۔

میکس برائنٹ کے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 38 رنزناٹ آؤٹ کی وجہ سے زلمی کے لیے ہدف تک پہنچنا آسان ہوگیا۔

ملتان سلطانز اپنا 10 واں اور آخری میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔


متعلقہ خبریں