اسلام آباد: پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت مک کے بیشتر علاقوں میں آج بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جنوبی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی، وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر ژالہ باری، موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش برسنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بار کھان میں 12 ملی میٹر، لسبیلہ 11، پنجاب کے علاقے ملتان ایئرپورٹ 08، شہر 3، گوجرانوالہ میں ایک ملی میٹر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: بہاولپور: یزمان میں آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق،دو شدید زخمی
خیبرپختونخوا کے علاقے کاکول میں 5 ملی میٹر، بالاکوٹ ایک اور کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد، سبی، موہنجوداڑو اور دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔