چین نے بھارت اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کر دی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں، بطور ایک مشترکہ ہمسایہ ملک، چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق تحمل سے کام لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں اور مل کر علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھیں۔
پہلگام واقعہ، چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز پہلگام واقعے کے معاملے پر چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔
چین کے وزیر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہم پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں۔ اور پاکستان کی خودمختاری و سلامتی کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے پہلگام میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کی منصفانہ اور بروقت تحقیقات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کے راستے کو اپنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پاکستان کے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی
پہلگام میں پیش آئے حملے کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔ اور اس حوالے سے مؤثر سفارت کاری کرتے ہوئے دنیا بھر کے وزرائے خارجہ سے نائب وزیر اعظم نے رابطہ کر کے صورت حال سے آگاہ کیا۔