پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وزیر کرپشن میں سر تک ڈوبے ہوئے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ اور بھارت اگر جنگ یا مذاکرات چاہتا ہے تو ہم دونوں کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج اپنا دفاع کرنا جانتی ہیں۔ اور اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ملک میں استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا ہونا ہوتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت امن کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔ اور صوبے میں امن ہو گا تو معیشت مضبوط ہو گی۔ صوبائی حکومت امن وامان میں مکمل ناکام نظر آرہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ پی ٹی آئی کے وزیر کرپشن میں سر تک ڈوبے ہوئے ہیں۔ اور صوبے میں حکومت فارم 47 کی ہے۔ تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد سے ملنے والے ٹاسک کو اچھے بچوں کی طرح کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پاکستان کے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پوسٹنگ ٹرانسفر پر منڈی لگی ہوئی ہے۔ اور وزیر اعلیٰ خود کہہ رہے ہیں کہ وزیر نے پنشن کے پیسے ہڑپ لیے۔ یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہیں نہیں جبکہ پنشنر اور ملازمین دھکے کھا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بھگوڑوں نے یورپ میں پناہ لے رکھی ہے۔