وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں قیام کے دوران امریکی محکمہ خارجہ، عالمی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاری ایجنسیوں اور بین الاقوامی بینکوں کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں پاکستان اورامریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اوراقتصادی تعاون کو فروغ دینے پرزوردیا گیا۔
مہنگائی میں واضح کمی، سینسیٹو پرائس انڈیکس منفی 3.52 فیصد، وزیراعظم کا اظہار اطمینان
وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکریٹری برائے اکنامک گروتھ، انرجی اور ماحولیات سے ملاقات میں منرلز کانفرنس میں امریکی وفد کی شرکت پر اظہار تشکر کیا اور تجارتی عدم توازن کے حل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے نائب صدر سے بھی ملاقات کی، جہاں تجارتی فنانس سہولت کے امکانات پر گفتگو ہوئی اور وزارت خزانہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
آئی ایف سی کے ایم ڈی مختار دیوپ اور ان کی ٹیم سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے ان کے حالیہ دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کیا اور انہیں ملک کے مضبوط معاشی اشاریوں اور کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے آگاہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ کانائب وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ
جے پی مورگن کی سینئر منیجمنٹ سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی پیشرفت اور کیپیٹل مارکیٹس میں پانڈا بانڈ کے ذریعے واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں اور معیشت کو عروج و زوال سے بچانے کے لیے پائیدار ترقی ناگزیر ہے۔
یو ایس ڈی ایف سی کے قائم مقام سی ای او سے ملاقات میں بھی پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔