مالدیپ میں اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کے داخلے پر پابندی عائد

Maldives

مالدیپ نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مالدیپ کی پارلیمان نے اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی کا بل منظور کیا۔ جس کی منظوری صدر محمد معیزو نے بھی کر دی۔ جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

مالدیپ کے صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امیگریشن قانون میں یہ ترمیم اسرائیل کی غزہ میں کی جانے والی “ظالمانہ کارروائیوں” کی مذمت کے طور پر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد مالدیپ میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ تاہم دوہری شہریت رکھنے والے افراد کسی دوسرے ملک کے سفری دستاویزات کے ذریعے ملک میں داخل ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم مخالف وقف بل کیخلاف بھارت میں پرتشدد مظاہرے

مذکورہ تجویز سب سے پہلے مئی 2024 میں اپوزیشن کے رکن پارلیمان میکائل احمد نسیم نے پیش کی تھی۔ جسے سیکیورٹی سروسز کمیٹی نے منظور کیا اور 308 دن بعد پارلیمان سے مکمل منظوری حاصل کی گئی۔

علاوہ ازیں صدر معیزو نے فلسطینی علاقوں میں انسانی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ایلچی مقرر کرنے اور فلسطین سے یکجہتی کے عنوان سے فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں