اسلام آباد: میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے کہا ہے کہ لاہور میں جو کام ہوا ہے وہ بے مثال ہے، بارش قدرتی عمل ہے اس میں شہاز شریف کا قصور نہیں۔
کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے ہم نیوز کے مارننگ شو ’’ صبح سے آگے ‘‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں مسلم لیگ نون نے 1997 میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کیا تھا ورنہ اس سے پہلے تو لاہور کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں جو بھی آتا ہے وہ تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں بہترین مواصلاتی نظام بنایا ہے اور انہوں نے لاہور کو اچھے حالات میں چھوڑا تھا۔
میئر لاہور نے کہا کہ لاہور میں طوفانی بارش نے تباہی مچائی ہے اس میں شہباز شریف کا کوئی عمل دخل نہیں اور لاہور آج بھی خوبصورت ہے جبکہ شمالی لاہور سے گزشتہ شام کو ہی پانی نکال لیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں جمع ہونے والا بارش کا پانی چھ گھنٹے میں بہہ گیا تھا کیونکہ لاہور کا انفرا اسٹرکچر موجود ہے، مال روڈ پر پڑنے والے گڑھے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔