پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے وفاق سے فرنٹیئر کانسٹیبلری ( ایف سی ) کے دستے واپس مانگ لیے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے پی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف سی کے دستے عام انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے درکار ہیں، ایف سی دستوں کی واپسی کے لیے گلگت بلتستان حکومت سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کے پی کی سرحدی چیک پوسٹوں کی نگرانی کے لیے بھی ایف سی دستے درکار ہیں۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) نیم فوجی فورس ہے اور اسے 1913 میں انگریزوں نے ایسی کارروائیوں کے لیے تشکیل دیا تھا جو عام پولیس کی دسترس سے باہر ہوں، 30000 اہلکاروں پر مشتمل اس فورس کا نام اس وقت کے شمال مغربی سرحدی صوبہ (نارتھ ویسٹرن فرنٹیئر پراونس) کی مناسبت سے فرنٹیئر کانسٹیبلری رکھا گیا تھا۔
پشاور کے وسط میں واقع قلعہ بالا حصار فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ہیڈکوارٹرز ہے اور اس کے 80 فیصد دستے مختلف صوبوں میں سیکیورٹی کے لیے تعینات ہیں۔