خیبر پختون خوا حکومت نے کرم میں شہریوں کو سستی گندم دینے کا فیصلہ کر لیا۔، گندم فلور ملز کے بجائے شہریوں کو براہِ راست ملے گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ چالیس کلو آٹے کا تھیلا اٹھائیس سو روپے میں دیں گے، کرم میں مزید چھتیس سو کلو ادویات ہیلی کاپٹر سے پہنچا دی گئیں۔
ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 20 دسمبر کو صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوگا جس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام شریک ہونگے۔
اجلاس میں کرم میں امن و امان کی تازہ صورتحال،صوبائی حکومت کے اقدامات اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کے دوران کرم میں اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
وفاقی حکومت کرم کے حالات پر تماشہ دیکھنا بند کرے، بیرسٹر سیف
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، کرم میں امن کے قیام کے لئے حکومتی گرینڈ جرگے کی طرف سے اب تک کی پیشرفت سے شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا۔
صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس کل طلب، قیام امن اور گرینڈ جرگے کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا، خیبر پختون خوا کابینہ کا اجلاس تیئس دسمبر کو ہو گا