راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 2019 کے مدارس رجسٹریشن معاہدے پر آج بھی قائم ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا 2019 میں مدارس رجسٹریشن کا معاہدہ درست تھا۔ اور تحریک انصاف اس معاہدے پر آج بھی قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے۔ اور مدارس میں طلبا کو جدید علوم بھی پڑھائے جانے چاہیئیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو کرپشن کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کرنا ہو گا، چیئرمین نیب
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی کی زندگی ہمارے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ڈی چوک احتجاج کے دوران لاپتہ کارکنان کی فہرست مرتب کر لی۔ اور یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ اس کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو بھی دیں گے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی باتیں کرنے والے اپنی اوقات میں رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا منتقل کرنے کے بجائے رہائی ملنی چاہیئے۔ اور جو پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی باتیں کر رہے ہیں وہ اپنی اوقات میں رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مدارس بل پیچیدگیوں کی وجہ سے قانون کی شکل اختیار نہیں کرسکا، وفاقی وزیر اطلاعات
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جب چادر سے پاؤں باہر کرو گے تو نہ تم رہو گے نہ چادر۔ سول نافرمانی کی تحریک ابھی فائنل نہیں ہوئی۔ اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد چیزیں فائنل ہوں گی۔