پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے شرپسند کارکنوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے باعث پنجاب پولیس کے کانسٹیبل مبشر سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے شہید ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل مبشر کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شرپسند حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق شدت پسند شر پسند عناصر کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ملک بند ہونے سے ایک دن کا جی ڈی پی نقصان 300 ارب ہے، مفتاح اسماعیل
دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے تشدد سے راولپنڈی کے پولیس کانسٹیبل کی شہادت کی تصدیق کی اور اُسے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل مبشر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبشر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ حاصل کیا، تشدد کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، شہید کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہید پولیس اہلکار راولپنڈی پولیس میں تعینات اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔