پی ٹی آئی لیڈر شپ آج ورک فرام ہوم کرے گی، عظمی بخاری

Uzma Bukhari

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ آج ورک فراہم ہوم کرے گی۔ چند مجبور ٹولیوں کے سوا کوئی احتجاج کا حصہ نہیں بنے گا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیا فائنل کال کی کسی نےتیاری دیکھی ؟ کہنے کو پی ٹی آئی کے پنجاب سے 104 اراکین صوبائی اسمبلی ہیں لیکن وہ کہاں ہیں۔ انتظامیہ احتجاج کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں فی الحال سکون ہے اور کوئی افراتفری نہیں ہے۔ انقلاب لانے والے ابھی تک سو رہے ہیں۔ جبکہ بشریٰ بی بی عوام کو جاگنے کی کال دے کرخود سو گئیں۔ بشری بی بی خود احتجاج میں نہیں آسکتیں اور نہ ان کے بچے آسکتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے اپنا موبائل فون بند کر رکھا ہے۔ اور اگر بشریٰ بی بی نہیں آئیں گی تو پھر انقلاب راستے میں رہ جائے گا۔ انہوں نے جھوٹ کی بنیاد پر پاکستان کے عوام کو شرمندہ کیا۔ ان کو تکلیف یہ ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کیوں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا قاسم اور سلمان اپنے والد کی فائنل کال پر شرکت کریں گے ؟ اور علی امین گنڈاپور ابھی تک سو کر نہیں اٹھے۔ احتجاج اور مارچ صرف واٹس ایپ گروپوں میں نظر آ رہا ہے۔ ذہن میں رکھیے گا اس بارآپ نے واپس نہیں جانا۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج میں لاکھوں لوگ آ گئے تو عمران خان رہا ہوسکتے ہیں، شیر افضل مروت

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چند مجبور ٹولیوں کے سوا کوئی احتجاج کا حصہ نہیں بنے گا۔ جبکہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ آج ورک فراہم ہوم کرے گی۔

دہشتگردی الرٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیکٹا نے دہشتگردی کی کارروائی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اور تھریٹ الرٹ کے باعث حکومت سیکیورٹی کے انتظامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کو احتجاج میں شرکت پر مجبور کیا جارہا ہے۔ اور بلوچستان حکومت کو مطلوب دہشتگرد اسلام آباد دھرنے میں شرکت کے لیے نکل چکے ہیں۔ عوام انتشار کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں