پی ٹی آئی والے چند ووٹوں کیلئے ملک کا نقصان نہ کریں، گورنر پنجاب

Sardar Saleem

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے چند ووٹوں کے لیے ملک کا نقصان نہ کریں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی رہنما کارکنوں کے گھروں میں جائیں۔ ہم نے مایوسیوں کو ختم کرنا ہے اور ہم پر فرض ہے کہ بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل صرف بھٹو خاندان کے پاس ہے۔ جبکہ بلاول بھٹو میں نانا اور والدہ والا کرنٹ ہے۔ اور وہ اپنی والدہ کے مشن کو آگے لے کر جائیں گے۔ موجودہ صورتحال میں اگر حکومت چل رہی ہے تو وہ آصف زرداری کی مرحون منت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج کیلئے اسلام آباد آنے والے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہو گی، فیصل واوڈا

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنے چند ووٹوں کے لیے ملک کا نقصان نہ کریں۔ یہ واحد ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر بنا۔ اور کسی بھی مسئلے کا حل تشدد سے نہیں ہوتا۔ بلکہ پی ٹی آئی سڑکوں پی احتجاج کے بجائے مذاکرات اور اسمبلی میں بحث کریں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے دوست اسلامی ملک پر جھوٹا الزام لگایا۔ جس نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ بشری بی بی کے بیان سے ان کی پارٹی اور عوام بھی شرمندہ ہیں۔ میں پارٹی اور اپنی طرف سے اس بیان کی مذمت کرتا ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج صرف بانی پی ٹی آئی کے سامنے نمبر بنانے کے لیے ہے۔ ملک کی انتظامیہ مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں