شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین سمیت دیگر نے فرد جرم کو چیلنج کر دیا

Shah Mahmood

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین سمیت دیگر ملزمان نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمے میں عائد فرد جرم کو چیلنج کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کو شیرپاؤ پل کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمے پر سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گری عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل پر سماعت کی۔

ملزمان شاہ محمود قریشی، عمرسرفراز چیمہ اور یاسمین راشد سمیت دیگر نے فرد جرم کو چیلنج کردیا۔ اور مؤقف اختیار کیا کہ شیر پاؤ پل کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں غیر قانونی طور پر فرد جرم عائد کی گئی۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 6 گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے۔ پولیس اہلکار یوسف، کانسٹیبل رشید سمیت دیگر کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں ڈینگی سے اموات، پاکستان نے مدد کی پیشکش کردی

گواہوں کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ان کے تھانے کی حدود میں جناح ہاؤس کے باہر توڑ پھوڑ سے تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار کی سرکاری املاک کا نقصان ہوا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے فرد جرم کے خلاف درخواستوں پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ مقدمے کی مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں