پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ

export برآمدات

پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ ہو گیا، برآمدات بھی بڑھ گئیں۔

سعودی عرب، یو اے ای، بحرین، ترکی اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے، پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 18فیصدکی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب، یواے ای، بحرین، ترکی اور مغربی ایشیا کے دیگر ممالک کو برآمدات سے ملک کو 1.034 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15 فیصد زیادہ ہے۔

مہنگائی کی شرح میں اضافہ،24 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 901.23 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا، ستمبرمیں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 322.97 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اگست میں 338.40 ملین ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 330.62 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2024 میں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 3.947 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر4.827 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 4.102 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

ستمبر میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 1.660 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اگست میں 1.708 ارب ڈالر اورگزشتہ سال ستمبر میں 1.501 ارب ڈالر تھا، مالی سال 2024 میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 17.51 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں