فلم ”پرواز ہے جنون” کے پوسٹر کی رنگا رنگ تقریب رونمائی


اسلام آباد: اسلام آباد کے دی ارینا سینما میں مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم  ”پرواز ہے جنون” کے پوسٹر کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر سمیت فلم  کی مرکزی کاسٹ نے شرکت کی اور مداحوں کے ساتھ  گھل  مل گئے۔

فلمی ستاروں نے شرکا  کے ساتھ  ناصرف سیلفیاں بنائیں بلکہ گانے بھی گائے تاہم حمزہ علی عباسی مقررہ وقت سے کچھ تاخیر سے  پہنچے جس پر انہوں نے مداحوں سے بطور خاص معذرت بھی کی۔

اس رنگا رنگ میلے میں لوگوں نے خاصی دلچسپی لی اور اپنے پسندیدہ  کرداروں سے سوال جواب بھی کیے۔

ہانیہ عامر کے ایک مداح نے سوال کیا کہ انہیں کون سا گلوکار پسند ہے جس پر ہانیہ نے بتایا کہ ان کے پسندیدہ  گلوکار ‘کارڈی بی’  ہیں، اسی طرح دیگر شرکا نے بھی ہانیہ سے مختلف سوالات کیے۔

”پرواز ہے جنون”  کا  بے صبری سے انتظار کرنے والے دیوانوں کو اس کی ریلیز کے  لیے بس عید  قرباں تک مزید انتظار کرنا ہو گا کیونکہ عید الا ضحیٰ  پر فلم  ریلیز کر دی جائے گی۔

فلم کی کہانی تصوراتی ضرور ہے تاہم اس میں پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، حمزہ علی عباسی فلم میں مرکزی کردار ادا  کر رہے ہیں۔

فلم کے کرداروں میں ہانیہ عامر، احد رضا میر، شمعون علی عباسی، شاز خان، کبریٰ خان اور دیگر شامل ہیں۔

فلم کے پہلے ٹریلر کا عوام کو بے صبری سے انتظار ہے جسے چھ جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp