لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے توہین عدالت کیس میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔
احسن اقبال جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے اپنا تفصیلی جواب جمع کرایا، اپنے جواب میں انہوں نے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔
کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف مسلم لیگ نون کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، انہوں نے عمران خان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ عمران خان کو 25 جولائی کو ہماری مخالفت کی ضرورت نہیں وہ خود ہی اپنی ہوا نکال دیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خان صاحب سیاست میں ابھی اناڑی ہیں، عوام جانتے ہیں کہ حکومتی کارکردگی کیا رہی، اس وقت صرف ایک پارٹی کٹہرے میں کھڑی ہے اور مسلم لیگ نون کی انتخابی مہم عوام چلا رہے ہیں۔
احسن اقبال کے خلاف کیس کی آئندہ سماعت پیردو جولائی کو ہو گی۔