9 نومبر کو فائنل کال دیں گے، جو ہو گا دیکھا جائے گا، علی امین گنڈاپور

Ali Ameen Gandapur علی امین گنڈاپور

راولپنڈی: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی کے) علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت سے جان چھڑانے کے لیے فائنل راؤنڈ کی تیاری کر رہے ہیں۔ 9 نومبر کا فائنل کال دیں گے اور جو ہو گا دیکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے بڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی۔ ان کے ساتھ روا رکھا جا رہا سلوک قابل مذمت ہے۔

حکومت کو متنبہ کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ میں خبر دار کررہا ہوں کہ یہ رویہ قابل برداشت نہیں۔ اور ہم نے ایک منصوبہ بنایا ہے جس پر کام شروع ہے۔ فائنل کال کے لیے تیار ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت سے جان چھڑانا پڑے گی۔ اور یہ حکومت مینڈیٹ چور ہے فارم 47 کی حکومت ہے۔ ہم سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر ہر روز نئے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ جو اب برداشت سے باہر ہیں۔ 9 تاریخ کو صوابی کے مقام پر ایک بڑا اجتماع کریں گے۔ پہلے ہم نے جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم اب اجتماع کریں گے اور پورے ملک سے لوگوں کو جمع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمات، بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوشن کو دلائل کا آخری موقع

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 9 نومبر کو فائنل کال دیں گے اور میں اپنے گھر والوں کو بھی بتا کر نکلوں گا۔ کہ جو ہو گا دیکھا جائے گا۔ جلسہ ہم نے منسوخ نہیں کیا بلکہ ہم اجتماع کی صورت میں جمع ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سمیت سب کو وارننگ دے رہے ہیں کہ اب حالات ناقابل برداشت ہیں۔ اور ہم 9 نومبر کو لائحہ عمل دیں گے۔ ہر بندہ تجزیہ نگار بنا ہوا ہے کہ ڈیل ہوگئی۔ میرا پارٹی کے کارکنان کو پیغام ہے کہ یہ لوگ آپ کو کنفیوز کریں گے۔


متعلقہ خبریں