سابق چیئرمین پی سی بی اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے قومی ٹیسٹ ٹیم کےکپتان شان مسعود سے غیر سنجیدہ گفتگو کے بارے میں وضاحت جاری کی ہے ۔
اپنے وی لاگ میں وضاحت دیتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میرا مطلب شان مسعود کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں تھا، کھلاڑیوں سے سوال کرنا میرا حق ہے، پاکستان کی کامیابی سے سب کو عزت ملےگی۔
کسی نے مکمل انٹرویو نہیں دیکھا تو میں بات نہیں کروں گا، میرا سوال تھا کہ 6 میچز ہارنےکے بعد افراتفری تھی، میں نے شان مسعود سے پوچھا کہ شکست کے بعد کیسے صبر وتحمل پیداکیا؟ شان مسعود میرے بیٹے کی عمر کے ہیں، ان سے بیٹنگ سے متعلق بات ہوتی رہتی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا شان مسعود کا لیگ کی طرف شاٹ کھیلتے ہوئے مسئلہ ہے جس پر سوال کیا، ایک جیت کے بعد ہم بھول جاتے ہیں کہ بہت منزلیں طے کرنی ہیں۔
پاکستان 6 ٹیسٹ میچ ہارا تو میں نے نہیں کہا کہ شان مسعودکو ہٹا دیں، سوشل میڈیا کی باتوں پر دھیان نہیں دیتا، مجھ پر دباؤ رکھنےکے لیے سیاست کی جاتی ہے، جو لوگ کرکٹ نہیں کھیلے وہ کرکٹ پر بات کرتے ہیں۔
واضح رہے اس معاملے پر پی سی بی حکام نے براڈ کاسٹرز سے بھی رابطہ کیا اور اپنے شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔