اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت تو مل گئی لیکن روبکار جاری نہ ہونے کے باعث رہائی نہ ہوسکی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی ضمانت منظور کر لی۔ تاہم اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی کے باعث روبکار جاری نہ ہو سکی۔ اور ڈیوٹی جج ہمایوں دلاور بھی رخصت پر ہیں۔
پی ٹی آئی وکلا مچلکے لیے ایک عدالت سے دوسری عدالت چکر لگاتے رہ گئے۔ لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: یحیی آفریدی حکومتی پیشکش مسترد کر کے اپنی عزت بچالیں، حامد خان
بشری بی بی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور خدیجہ صدیقی نے ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس کی عدالت کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا۔ لیکن وہ بھی کمرہ عدالت سے روانہ ہوچکے تھے۔
بعدازاں بشری بی بی کے وکلا نے سیشن جج ویسٹ کی عدالت سے بھی روبکار جاری کرنے کی استدعا کی۔ لیکن عدالتی عملے کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل کے ڈیوٹی ججز کی لسٹ میں سیشن جج ویسٹ کا نام شامل نہیں۔